گندم کے تیلہ سے فصل کو نقصان ہوسکتا ہے اور کاشتکار بیماری كی صورت میں رہنمائی كے لیے محكمہ زراعت سے رابطہ كریں

بدھ 4 فروری 2026 17:18

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گندم کے تیلہ سے فصل کو شدید نقصان ہوسکتا ہے اور کاشتکار بیماری كی صورت میں ر ہنمائی كے لیے محكمہ زراعت سے رابطہ كریں۔انہوں نے کہا ہے کہ تیلہ ایک عام کیڑا ہے جو بڑی تعداد میں حملہ کرکے فصل کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کیڑے پتوں ،تنوں اور خوشوں سے رس چوستے ہیں جس سے پودے کمزور ہوجاتے ہیں اور پیداوار میں کمی آجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی طور پر لیڈی برڈ،کرسولہ اور مکڑی جیسے حشرات تیلے کو کھاتے ہیں اس لیے ان کی تعداد بڑھانے کیلئے ماحول ساز گار بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی بروقت کاشت سے کسی حد تک اس سے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ تیلے کی موجودگی کا بروقت معائنہ کریں اور فوری اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ تیلے کا حملہ اگر شدید ہو تو ایمامیٹکوپرڈ20 ایس ایل،ڈائی نوٹفیورون20 ایس جی،ایسیٹامیپرڈ20 ایس پی،تھامیٹھوکزم25 ڈبلیوجی یا ڈایمیٹھوایٹ40 ای سی زہر کا اسپرے کریں اور فصل کو نقصان سے بچائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں محکمہ زراعت کے نمائندے سے رابطہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :