فیصل آباد، کاشتکاروں کومسور کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

منگل 10 فروری 2026 16:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2026ء) چیف سائنسٹسٹ شعبہ دالیں ایوب ریسرچ ڈاکٹر خالد حسین نےکاشتکاروں کو مسور کی بہتر پیداوارکے حصول کےلئے فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چور کیڑے کی سنڈیاں دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہیں اور رات کو چھوٹے پودوں کو کاٹ کر فصل کا نقصان کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے انسداد کے لئے ناقابل استعمال سبزیاں کاٹ کر شام کو ڈھیریوں کی صورت میں رکھ دی جائیں اور صبح ہو تے ہی ان ڈھیریوں کے نیچے چھپی ہو ئی سنڈیوں کو تلف کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فصل کے اگنے سے کٹائی کے مرحلہ تک کسی بھی وقت دیمک کا حملہ ہو سکتا ہے اور دیمک پودوں کی جڑوں پر حملہ آور ہوتے ہوئے زمین میں سرنگیں بنا لیتی ہے جس سے متاثرہ حملہ شدہ پودے سوکھ جاتے ہیں ، اگر بروقت آبپاشی کر لی جائے تو دیمک کے حملہ سے کسی حد تک بچا جا سکتا ہے۔