ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارے کی لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 11 فروری 2026 13:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2026ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادنے کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت۔ انہوں نے کاشتکاروں کو کہاہے کہ وہ لوبیا کی بہاریہ کاشت 15فروری سے شروع کر کے 28فروری تک مکمل کر لیں۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید کہاکہ لوبیا بطور دال، چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کیلئے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے راؤنی کردیں اورزمین کوزرخیز بنانے کیلئے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کیلئے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کیلئے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کا10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :