ڈائریکٹر زراعت سرگودھا کی زیر صدارت ڈویژنل سٹریٹجک ریزرو کمیٹی کے پہلے اجلاس کا انعقاد

اتوار 15 فروری 2026 16:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2026ء) ڈائریکٹر زراعت سرگودھا ڈویژن محمد شاہد حسین کی زیر صدارت ڈویژنل سٹریٹجک ریزرو کمیٹی کاپہلااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع سرگودھا ،خوشاب ، میانوالی اوربھکرکےڈپٹی ڈائریکٹر زراعت، ڈپٹی ڈائریکٹرخوراک، کراپ رپورٹنگ ، پنجاب بینک کےنمائندوں،متعلقہ افسران، کسانوں کے نمائندوں اور فلور مل مالکان نے شرکت کی۔

ڈائریکٹرزراعت محمدشاہد حسین نےکہاکہ اس سال پنجاب حکومت کاشتکاروں سے 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم براہ راست ایگریگیٹرز کے ذریعے خریدے گی،جو کسانوں سے کھیتوں سے گندم اٹھائیں گے جبکہ خریداری 3500 روپے فی من کے حساب سے کی جائے گی۔ ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ اس کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں اور ایگریگیٹر اور دلچسپی رکھنےوالے اداروں کی شمولیت مقررہ طریقہ کار کے مطابق درخواست دےسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےتمام اسٹیک ہولڈرز کو حکومت کی نئی گندم پالیسی کی تفصیلات، طریقہ کار اور شرائط سے آگاہ کیا تاکہ خریداری کے عمل کو شفاف اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سرگودھاڈویژن کےچاروں اضلاع میں 1.684 ملین ایکڑ رقبہ پرگندم کی کاشت کی گئی ہے۔ بروقت بارشوں اور موافق موسمی حالات کی وجہ سے فی ایکڑ اوسط پیداوار 31 من ہونے کی توقع ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتیں مجموعی طور پر 6.2 ملین میٹرک ٹن گندم خریدیں گی۔ ڈائریکٹر زراعت نے مزید کہا کہ چاروں اضلاع میں مقررہ سرکاری نرخوں پر کھاد اور دیگر زرعی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور گندم کی خریداری کے تمام مراحل میں شفافیت، بروقت ادائیگی اور کسانوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے گی اور وزن، کوالٹی چیک اور ادائیگی کے نظام کی روزانہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :