سیالکوٹ، کاشتکاروں کو رایا اور کینولا سمیت تیلدار اجناس کی فصلوں کی بروقت برداشت یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 16 فروری 2026 14:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2026ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو رایا اور کینولا سمیت تیلدار اجناس کی فصلوں کی بروقت برداشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق رایا کی اقسام میں جب 75 فیصد پھلیوں کا رنگ بھورا اور دانے سرخی مائل ہو جائیں جبکہ کینولا کی اقسام میں 50 فیصد پھلیوں کا رنگ بھورا ہو کر دانے سرخی مائل ہونے لگیں تو فوری طور پر فصل کی برداشت شروع کر دی جائے۔

اس تاخیر کی صورت میں موسمی اثرات یا پھلیوں کے پھٹنے سے پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیلدار اجناس کی فصل اپنی تیاری کے آخری مراحل میں مختلف بیماریوں اور ضرر رساں کیڑوں کے حملے کی زد میں آ سکتی ہے جس سے کاشتکاروں کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس مرحلہ پر فصل کی مسلسل نگرانی نہایت ضروری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اگر کسی بھی جگہ بیماری یا کیڑے کا حملہ ظاہر ہو تو کاشتکار فوری طور پر زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کریں تاکہ بروقت تدارک کے ذریعے نقصان کو معاشی حد تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

محکمہ زراعت نے زور دیا کہ بروقت برداشت اور مناسب دیکھ بھال سے بہتر پیداوار اور معیاری تیلدار اجناس کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :