محکمہ زراعت کی کا شتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 19 فروری 2026 12:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2026ء) محکمہ زراعت نےکاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ سورج مکھی کی کاشت اگلے ماہ مارچ کے پہلے ہفتہ تک مکمل کر لیں ۔محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادکے ڈائریکٹر چوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں کوآگاہ کیا کہ سورج مکھی ایک منافع بخش فصل ہے جس سے وہ کم از کم 45سے 55 ہزار روپے فی ایکڑ آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی موسم بہار اور موسم خزاں میں انتہائی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے جس کے بیج میں 40سے 50فیصد تک اعلیٰ قسم کا تیل اور 20سے 22فیصد تک پر وٹین پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کا تیل صحت کیلئے انتہائی مفید ہے جو انسانی جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ سورج مکھی کی کاشت مختلف فصلوں کے ساتھ ردو بدل میں کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے نیز یہ اپنی گہری جڑوں کی وجہ سے پانی کی کمی بھی برداشت کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور کم خرچ کے باوجود فی ایکڑ 40سے 45من تک پیداوار دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ زمین کی تیاری کیلئے ایک بار مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلایا جائے تاکہ پودوں کی جڑیں گہرائی تک جا سکیں اور بعد میں کلٹیویٹر اور سہاگہ کی مدد سے بھی زمین کو تیار کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ آبپاشی کا دارو مدار موسمی حالات پر ہوتا ہے تاہم پہلا پانی فصل کی روئیدگی کے 20سے 30دن کے بعد دے دینا چاہیے۔انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن یا قریبی ماہرین زراعت سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :