وزیر اعلی پنجاب کا پوٹھوہار میں زراعت کی ترقی کیلئے منصوبہ تاریخی اقدام ہے،سید عاشق حسین کرمانی

جمعرات 19 فروری 2026 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2026ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے پوٹھوہار ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کا چکوال میں باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی سردار غلام عباس، میجر (ر) طاہر اقبال، ممبران صوبائی اسمبلی تنویر اسلم سیٹھی، ملک شہریار اعوان، فلک شیر اعوان اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔

تقریب میں محکمہ زراعت پنجاب کے ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر ساجد الرحمان،رانا تجمل حسین اورپوٹھوہار ریجن کے کاشتکاروں و دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔وزیر زراعت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوٹھوہار میں زراعت کی ترقی کے لیے وزیر اعلی پنجاب کا یہ ایک منفرد اور تاریخی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 07 ارب روپے کی خطیر رقم کی لاگت سے پوٹھوہار ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے جو خطہ پوٹھوہار میں زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

وزیر زراعت نے کہا کہ پانی کے موثر اور باکفایت استعمال کے لیے 06 ارب روپے سے مختلف سکیموں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سولر سسٹم کے ساتھ 1700 لفٹ اریگیشن سسٹمز کی 70 فیصد سبسڈی پر تنصیب جاری ہے جبکہ 7 لاکھ روپے فی یونٹ سبسڈی پر 270 لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی بھی کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 70 فیصد سبسڈی سے 15 چھوٹے ڈیموں کے کمانڈ ایریا میں250 کھالہ جات کی تعمیر جاری ہے جبکہ 17 لاکھ 50 ہزار روپے فی یونٹ سبسڈی سے400 منی ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔

اسی طرح 77 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی سے 4500 ایکڑ رقبہ کی بذریعہ بلڈوزرز اصلاح جاری اور 3500 ایکڑ سے زائد رقبہ پر زیتون کے نئے باغات لگائے جا رہے ہیں۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ 50 فیصد سبسڈی سے 04 کولڈ پریس یونٹس پرائیویٹ سیکٹر کو فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ 32 لاکھ 90 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی سے110 ایکڑ رقبہ پر ادرک کی کاشت پر عملدرآمد جاری ہے۔وزیر زراعت نے مزید کہا کہ 500 ملین روپے کی لاگت سے جنگلی جانوروں سے فصلات اور باغات کے تحفظ کے لیے باڑ کی تنصیب بھی جاری ہے تاکہ کاشتکاروں کی فصلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ بلیک بیری، انجیر، انگور اور نیکٹرین کے 30 ہزار پودے رعایتی قیمتوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ مونگ پھلی کی اعلی اقسام کا 25 ہزار کلوگرام بیج بھی کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر دیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترشاوہ پھلوں کے 15 ہزار پودے اور ایوکاڈو، پیکن نٹ، آلو بخارا اور سیب کے 14 ہزار پودے بھی رعایتی قیمتوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ پوٹھوہار میں باغبانی اور زرعی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔