گندم کی فصل کے ایک سو دن کے بعد پولی نیشن کا عمل شروع ہوجاتا ہے، کاشتکار اس عمل سے پہلے ہی کھیت میں پانی ضرور لگائیں

جمعہ 20 فروری 2026 13:20

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کے اگائو کےایک سو دن کے بعد پولی نیشن کا عمل شروع ہوجاتا ہے، کاشتکار اس عمل سے پہلے ہی کھیت میں پانی ضرور لگائیں اور اگر اس سے پہلے پوٹاش کھاد نہیں ڈالی تو اس وقت ضرور ڈال دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعہ کو گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ گندم کی فصل کے ایک سو دن کے بعد پولی نیشن کا عمل شروع ہوجاتا ہے، گندم کی فصل کے جب سٹے نکلتے ہیں تو ان کے اوپر بھور موجود ہوتا ہے ،اس وقت آپ کی فصل پولی نیشن کے مرحلے پر ہوتی ہے، اس مرحلے میں سٹے کے اوپر بھور نظر آرہا ہوتا ہے اور سٹے کے اندر دانے بن رہے ہوتے ہیں، یاد رہے پولی نیشن کا عمل جتنے اچھے طریقے سے ہوتا ہے سٹے کے اندر اتنے ہی زیادہ دانے بنتے ہیں، اگر پولی نیشن کا عمل کسی وجہ سے ناکام ہو تو دانے بھی کم بنتے ہیں،کاشتکار کی پیداوار کا دارومدار پولی نیشن پر ہی ہوتا ہے، یہ مرحلہ گندم کی فصل کیلئے بہت ہی اہم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

، یاد رہے کہ پولی نیشن کے وقت آپ کے کھیت میں خشکی نہیں ہونی چاہیے یعنی پانی کی کمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں گرمی میں اضافہ ہورہا ہے اگر کھیت میں خشکی ہوئی تو سٹے میں دانے کم بنیں گے جس سے کاشتکار کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولی نیشن سے پہلے پانی لگانے پر اگر اس سے پہلے پوٹاش کھاد استعمال نہیں کی تو اس وقت کھاد ڈال دیں جس سے خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ پوٹاش فصل کو پانی کی کمی سے بچاتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :