محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فصل کیلئے آبپاشی بارے سفارشات جاری کر دیں

جمعہ 20 فروری 2026 16:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی فصل کیلئے آبپاشی بارے سفارشات جاری کر دیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق گندم کی فصل کیلئے مناسب آبپاشی نہایت ضروری ہے، فصل کے نازک اوقات مثلاً شگوفے بنتے وقت، گوبھ، پھول نکلتے وقت اور دانے کی دودھیا حالت کے وقت اگر بر وقت آبپاشی نہ کی جائے تو فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ گندم کی فصل کو گوبھ کی حالت میں پانی ضرور لگائیں کیونکہ اس وقت سٹہ بن کر باہر نکلنے کے مراحل میں ہوتا ہے،اگر اس مر حلے پر پانی نہ دیا جائے یا تاخیر کی جائے تو سٹے چھوٹے رہ جاتے ہیں۔کاشتکار اگیتی کاشتہ گندم کی فصل کو تیسرا پانی بوائی کے125 تا130 دن بعد اور پچھیتی کاشتہ گندم کو بوائی کے110 تا115 دن بعد دانے کی دودھیا حالت کے وقت پانی لگائیں کیونکہ یہ سٹے میں دانے بھرنے کا وقت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

تھل کے علاقہ جات میں چوتھا پانی بوائی کے90 تا95 دن بعد(پھول بنتے وقت) اور پانچواں پانی بوائی کے110 تا115 دن بعد (دانہ بنتے وقت) لگائیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ موسم کی نوعیت، زمین کی ساخت اور فصل کی ضرورت کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے آبپاشی کے شیڈول میں ردو بدل بھی کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :