مونگ کی بہاریہ کاشت کےلئے مارچ کا پہلا پندھرواڑہ موزوں ترین ہے،ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد

پیر 23 فروری 2026 13:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2026ء) ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ مونگ کی بہاریہ کاشت کےلئے مارچ کا پہلاپندھرواڑہ موزوں ترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار مونگ کی بہاریہ کاشت کےلئے تصدیق شدہ،گریڈڈ،صحت مند 10 سے 12 کلو گرام بیج فی ایکڑ اور پودوں کی تعداد 16 سے 18 ہزار رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے بہاریہ مونگ کی کاشت مارچ کے پہلے پندھرواڑے میں مکمل نہ ہوسکے تو اسے آخر مارچ تک بھی کاشت کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گرم علاقوں یا جہاں لو چلنے کا خدشہ ہو وہاں بیج کی مقدار 2 سے 3 کلوگرام فی ایکڑتک بڑھانا ضروری ہے تاکہ پودوں کی تعداد کم نہ ہو اور پیداواربھی پوری مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے آبپاش علاقوں کے لئے محکمہ زراعت اور حکومت کی جانب سے جن اقسام کی منظوری دی گئی ہے ان میں نیاب مونگ2006، ازری مونگ 2006،نیاب مونگ 2011،نیاب مونگ 2016،بہاولپور مونگ 2017،ازری مونگ 2018، ازری مونگ 2021، نیاب مونگ 2021 اور عباس مونگ وغیرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارانی علاقوں میں چکوال مونگ 6 کاشت کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :