کپاس کی کاشت سے پہلے کاشتکار زمین کی تیاری کے لئے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں،صباحت حسین

پیر 23 فروری 2026 17:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2026ء) ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان صباحت حسین نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکاروں کے لیے زمین کی درست تیاری ایک کامیاب فصل کی بنیاد ہے،کپاس کی کاشت سے پہلے کاشتکار کھیت کو ہموار کرنے کے لیے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں۔پیر کو یہاں کپاس کے کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لیزر لینڈ لیولر کے استعمال سے زمین کی ہمواری ممکن ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں پانی اور کھاد کی 15سے 20 فیصد تک بچت ہوتی ہے اور فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہوتا ہے۔

صباحت حسین نے مزید کہا ہے کہ ہموار زمین میں پانی یکساں طور پر پھیلتا ہے، جس سے کپاس کے تمام پودوں کو برابر مقدار میں پانی ملتا ہے اور فصل کی متوازن نشوونما ممکن ہوتی ہے،اس کے برعکس، ناہموار زمین میں پانی کھڑا رہنے سے کپاس کی فصل بیماریوں کا شکار ہوسکتی ہے، جس سے پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے میرا اور زرخیز زمین موزوں ہے، جو پانی زیادہ جذب کرنے اور وتر کو دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہوجبکہ کلراٹھی، سیم زدہ، ریتلی اور چکنی زمین کپاس کی کا شت کے لیے غیر موزوں سمجھی جاتی ہے،تاہم زرعی ما ہرین کے مشورے سے ایسی زمینوں پر پٹڑیوں کے ذر یعے کپاس کی کامیاب کاشت ممکن ہے۔

صباحت حسین نے کہا ہے کہ کاشتکار حضرات فصل کی زیادہ پیداوار کے لیے زمین کی تیاری کے اس ابتدائی مرحلے پر خصوصی توجہ دیں اور جدید زرعی طریقے اپنائیں تاکہ کپاس کی فصل صحت مند، بیماریوں سے محفوظ اور زیادہ منافع بخش ہو۔

متعلقہ عنوان :