گندم کی فصل کی گوبھ بننے اور بالیاں نکلنے کے نازک مرحلے پر بروقت آبپاشی نہ ہونےسے دانے کی بھرائی متاثر ہو سکتی ہے، ڈائریکٹر زراعت توسیع

منگل 24 فروری 2026 16:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2026ء) ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ گندم کی فصل اس وقت گوبھ بننے اور بالیاں نکلنے کے نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اس مرحلے پر بروقت آبپاشی نہ ہونے کی صورت میں دانے کی بھرائی متاثر ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ کاشتکار پوٹاش کی کھاد کا متوازن استعمال کرتے ہوئے فوری آبپاشی کو یقینی بنائیں تاکہ پیداوار میں کمی سے بچا جا سکے اور حکومتی سپورٹ پرائس سے مکمل فائدہ حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں فی ایکڑ زیادہ پیداوار ہی کسان کے منافع کو یقینی بنا سکتی ہے۔ اگر کاشتکار محکمانہ سفارشات پر عمل درآمد کریں تو نہ صرف ان کی لاگت بہتر انداز میں پوری ہو سکے گی بلکہ اضافی پیداوار سے ان کی مجموعی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے 3500 روپے فی من قیمت مقرر کرنا کسان دوست اقدام ہے جس سے مارکیٹ میں استحکام آئے گا اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار ہفتہ وار بنیاد پر فصل کا معائنہ لازمی کریں۔ اگر سست تیلہ یا کنگی جیسی بیماریوں یا کیڑوں کا حملہ نظر آئے تو فوری طور پر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ سے رابطہ کریں تاکہ ان کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مناسب سپرے سے نہ صرف پیداوار محفوظ رہتی ہے بلکہ اضافی اخراجات سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

محکمہ زراعت توسیع کا فیلڈ عملہ کسانوں کی رہنمائی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار متوازن کھاد، بروقت آبپاشی اور بیماریوں کے کنٹرول پر توجہ دیں تو وہ بہتر معیار کی گندم حاصل کر کے حکومتی خریداری مہم سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ڈائریکٹر زراعت نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ گندم کی بمپر پیداوار کے ذریعے نہ صرف کسان کی مالی حالت مضبوط ہو بلکہ صوبے میں غذائی استحکام بھی یقینی بنایا جا سکے۔