محکمہ زراعت نے اگیتی کپاس کی کاشت کے لئے ہدایات جاری کر دیں

جمعرات 26 فروری 2026 16:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2026ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادنے اگیتی کپاس کی کاشت کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔اس وقت درجہ حرارت مناسب ہے لہٰذاکاشت کار زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کریں۔ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے اے پی پی کو بتایا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے سفارش کردہ وقت کاشت درجہ حرارت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے 31 مارچ تک مقرر کیا گیا ہے۔

امسال محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ میں اگیتی کاشت کا ہدف7 لاکھ ایکڑ مقرر کیا ہے جس میں فیصل آبادکے ضلع کے لئے 35 ہزار ایکڑ،ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لئے 25 ہزار،جھنگ کے لئے 35 ہزار جبکہ فیصل آباد ڈویژن کے لئے کل 95 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگیتی کاشت کے لئے صرف کپاس کی ٹرپل جین اقسام کی سفارش کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے بیج تصدیق شدہ ہو اور خالص ٹرپل جین قسم کا ہو ورنہ گلا ئفوسیٹ کا سپرے کرنے سے غیر ٹرپل جین اقسام کے پودے مر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے پودوں کی قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اورپودوں کا باہمی فاصلہ 1.5 تا 2 فٹ ہونا چاہیے۔کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے سفارش کردہ اقسام کا معیاری تندرست، خالص اور بیماریوں سے پاک، تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کی ڈرل کاشت کے لئے 2 تا 3 کلو گرام بیج فی ایکڑ زیادہ استعمال کریں۔

کاشتکارضرورت سے 10 فیصد زیادہ بیج کا انتظام کریں تا کہ ناغے وغیرہ لگانے کے لئے استعمال ہو سکے۔ اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے بیج کے 60 فیصد اُگاؤ کی صورت میں 5 تا 6 کلوگرام بیج استعمال کریں اور 75 فیصد یا زیادہ اُ گاؤ کے لئے 4 تا 5 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔کپاس کی اگیتی کاشت سے اوسطاً50 سے60 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ چوہدری خالد محمودنے کہا کہ کماد اور تیلدار اجناس سے خالی ہونے والے رقبہ پر زیادہ سے زیادہ کپاس کاشت کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن کا کل رقبہ 44 لاکھ ایکڑ ہے جس میں سے قابل کاشت 36 لاکھ ایکڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال اوسط پیداوار 20 من فی ایکڑ رہنے کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :