پسرور،محکمہ زراعت کی درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گندم کی فصل کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اہم ہدایات جاری

منگل 3 مارچ 2026 13:52

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2026ء) محکمہ زراعت نے درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گندم کی فصل کو لاحق ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر کسانوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایگری کلچر آفیسر (ٹیکنیکل) محکمہ زراعت پسرور زیشان گورائیہ نے کہا ہے کہ ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی گرمی دانے کے وزن اور مجموعی پیداوار میں کمی کا باعث بن سکتی ہے، جس سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔

محکمہ زراعت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق بارانی علاقوں میں کاشتکار فصل کی ضروریات کے مطابق تمام زرعی امور بروقت مکمل کریں۔ گرمی کے اثرات کم کرنے کے لیے یوریا یا پوٹاشیم نائٹریٹ (KNO) کا دو فیصد محلول 100 سے 120 لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کیا جائے اور سپرے صبح سویرے یا شام کے اوقات میں کیا جائے۔

(جاری ہے)

آبپاش علاقوں کے کاشتکار نہری پانی کی کمی کی صورت میں متبادل ذرائع آبپاشی استعمال کرنے اور موسمی حالات کے مطابق آبپاشی کا شیڈول ترتیب دیں۔

فصل کا باقاعدہ معائنہ کریں اور کیڑوں کے حملے کی صورت میں صرف سفارش کردہ زرعی زہروں کا مناسب مقدار میں استعمال کریں۔ محکمہ زراعت کے مطابق ان ہدایات پر عمل درآمد سے بڑھتے درجہ حرارت کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے اور گندم کی پیداوار کے ساتھ ساتھ دانے کے معیار میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ کاشتکاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے مسلسل رابطے میں رہیں اور جدید زرعی سفارشات پر عمل درآمد کریں۔

متعلقہ عنوان :