کاشتکاروں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زیروٹیلج کے طریقہ کاشت کو ترجیح دینا ہوگی، ڈائریکٹرنظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد

منگل 3 مارچ 2026 15:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2026ء) ڈائریکٹرنظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی نے کہا ہے کہ فصلوں کی پیداوار پر موسمی حالات اثر انداز ہوتے ہیں اس لئے موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کےلئے زراعت کو بہتر کرنا ہوگا۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، غیر یقینی صورتحال، درجہ حرارت میں اضافہ، بے موسمی بارشیں فصلوں کے کاشتی امور پر اثر انداز ہورہی ہیں لہٰذا بدلتے موسمی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں جبکہ موسمی حالات کا مقابلہ کرنے والی فصلوں کی اقسام اور کاشتی امور ہی اس کا بہترین اور اولین حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کاشتکاروں کو زرعی حکمت عملی تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ کم دورانیہ کی اقسام اور زیروٹیلج کے طریقہ کاشت کو ترجیح دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیرو ٹیلج ٹیکنالوجی سے پانی کی بچت اور زمین کی ساخت بہتر ہونے کے علاوہ زمین کی زرخیزی میں بھی اضافہ ہوگا تاہم ہمیں گوبر کی کھاد کا استعمال بھی دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے لہٰذا ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلائی میٹ چینج ریسرچ یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔