لاہور ہائی کورٹ :عثمان ڈار کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست منظور

منگل 3 مارچ 2026 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2026ء) لاہور ہائی کورٹ نے عثمان ڈار کی جانب سے اپنے نام کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ECL) سے خارج کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے نو صفحات پر مشتمل فیصلہ میں قرار دیا کہ درخواست گزار کا نام بغیر کسی ٹھوس وجوہات یا پیشگی نوٹس کے ای سی ایل میں شامل کیا گیا، جو آئین میں دی گئی نقل و حرکت کی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے شفاف اور قانونی طریقہ کار اختیار کرنا لازم ہے۔فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ عثمان ڈار کا نام فوری طور پر ای سی ایل فہرست سے نکالا جائے، تاہم چند شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ہدایت کی کہ عثمان ڈار ٹرائل کورٹ میں اپنی حاضری یقینی بنائیں اور دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر درخواست گزار عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالیں، ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھائیں یا قانونی عمل سے گریز کریں تو متعلقہ حکام قانون کے مطابق ان کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کرنے کے مجاز ہوں گے۔واضح رہے کہ عثمان ڈار نے اپنا نام ای سی ایل سے خارج کرانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے تفصیلی وجوہات پر مبنی فیصلہ جاری کیا۔