حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات

جمعہ 21 اگست 2026 15:46

حکومت کھیلوں کے فروغ  کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے  ، وفاقی پارلیمانی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور گراس روٹ لیول پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقار النسا کالج فار ویمن راولپنڈی میں ہاکی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ضلع راولپنڈی کے ہاکی کھلاڑی طلبہ میں 127 کٹس تقسیم کیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کٹس کی تقسیم کا مقصد کھلاڑیوں کو کھیلوں کی ضروری سہولیات فراہم کرنا اور ہاکی کو نچلی سطح پر فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں کے باہمی تعاون سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے وسیع مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور خود اعتمادی پیدا کرنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کی شاندار روایات اور سنہری ماضی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی نسل کو اس کھیل کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ہاکی کو فروغ دے کر مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جا سکتے ہیں جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔