ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش سے سردی کی واپسی،کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ س ے قراقرم ہائی وے بند

بدھ 11 مارچ 2026 16:52

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2026ء) ہزارہ ڈویژن میں موسلادھار بارش سے سردی کی واپسی،کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے بند ہو گئی۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے شروع ہونے والی بارش بدھ کے روز وقفے وقفے سے ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع بشمول ایبٹ آباد،مانسہرہ، ہری پور،بٹگرام،کوہستان اور تورغر میں جاری رہی،گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی اس بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو دوبارہ گرم کپڑوں کا استعمال کرنا پڑا،پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور بارش سے فضا میں موجود گرد و غبار بھی دھل گیا،شہریوں نے بارش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کئی روز سے جاری خشک موسم کا خاتمہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کاشتکاروں اور باغبانوں نے بھی بارش کو مفید قرار دیا اور کہا کہ اس سے فصلوں اور آئندہ موسمی کاشت کے لیے مدد ملے گی،دوسری جانب بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بھی کسی حد تک متاثر ہوئے،پھسلن کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار سست رہی جبکہ بازاروں اور مصروف علاقوں میں پیدل چلنے والوں اور عید کی خریداری کے لیے آنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ادھر کوہستان کے اضلاع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے کے بعض مقامات پر ٹریفک کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل ہو گئی،متعلقہ حکام اور عملہ ملبہ ہٹا کر شاہراہ کو بحال کرنے کے لیے کام میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہزارہ کے بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت نسبتا کم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔