محکمہ زراعت پنجاب کی اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے سفارشات جاری

جمعرات 12 مارچ 2026 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے ٹرپل جین اقسام کاشت کریں،کاشتکار ٹرپل جین اقسام کا بیج صرف مستند ڈیلر زسے خریدیں۔کپاس کی اگیتی کاشت کے لیے قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5 تا 2 فٹ رکھیں اور75 فیصد سے زیادہ آگا والا 4تا 5 کلو گرام یا60 فیصد آگا والا 5 تا 6 کلوگرام براترا ہوا بیج فی ایکڑاستعمال کریں۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ اگیتی کپاس سے زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے کمزور زمین میں دو بوری ڈی اے پی + سوا چار بوری یوریا+ ڈیڑھ بوری ایس او پی فی ایکڑ جبکہ درمیانی زمین میں پونے دو بوری ڈی اے پی + پونے چار بوری یوریا + ڈیڑھ بوری ایس او پی فی ایکڑ اورزرخیز زمین میں ڈیڑ ھ بوری ڈی اے پی + سوا تین بوری یوریا +ڈیڑھبوری ایس او پی استعمال کریں۔

(جاری ہے)

کاشتکارفاسفورس اورپوٹاش والی کھادوں کی تمام مقدار اور نائٹروجنی کھاد کا 1/4 حصہ بوقت تیاری زمین ڈالیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ اگیتی کاشت سے قریبا 50 سے60 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوتی ہے لہذا کاشتکار کنیولہ،آلو، مٹر اور کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والے رقبوں پر ترجیحا کپاس کی اگیتی کاشت کرکے بھرپور منافع کمائیں۔

متعلقہ عنوان :