سندھ میں متوقع بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ، گیانچند ایسرانی کی ہدایات

منگل 24 مارچ 2026 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2026ء) گیانچند ایسرانی نے سندھ میں متوقع بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس دینے کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔مشیر وزیراعلیٰ سندھ نے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات فوری یقینی بنانے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ریسکیو ٹیمیں اور مشینری ہر وقت فیلڈ میں تیار رکھی جائیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے باہمی رابطے مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔گیانچند ایسرانی نے کہا کہ متوقع تیز ہواؤں اور ڑالہ باری کے پیش نظر حساس علاقوں کی خصوصی نگرانی کی جائے اور ریسکیو 1122 ہنگامی رسپانس کا وقت کم سے کم رکھتے ہوئے فوری امدادی کارروائی کرے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے کو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

عوام کے تحفظ کے لیے کسانوں اور شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے مؤثر پبلک ایڈوائزری جاری کرنے پر زور دیا گیا۔ بارشوں کے دوران ٹریفک اور شہری سہولیات کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔گیانچند ایسرانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نقصان سے بچا جا سکے۔