ہرنائی میں وقفے وقفے سے بارش،مکان کی چھت گرنے سے بچی زخمی

بدھ 25 مارچ 2026 16:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2026ء) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں وقفے وقفے سے ہونے والی حالیہ بارشوں کی وجہ سے نادر خان کے مکان کی چھت اچانک گرنے سے معصوم بچی کائنات بی بی (عمر تقریباً 5/6 سال) زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی میر ارشد حسین جمالی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کی خصوصی ہدایات پر فوری طور پر امدادی سامان متاثرہ گھرانے تک پہنچایا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور کچے مکانات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بروقت بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

میر ارشد حسین جمالی نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور بحالی کے عمل میں مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :