محکمہ زراعت پنجاب کی کاشتکاروں کو بہاریہ فصل سے سفید مکھی کے تدراک کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 26 مارچ 2026 14:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو بہاریہ فصل سے سفید مکھی کے تدراک کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ گارڈینیہ،لینٹانا،لیہلی،کرنڈ،خربوزہ،تربوز، ٹماٹر،تمباکو،سورج مکھی،بھنڈی توری،آلو،ٹینڈا،بینگن،حلوہ کدو،کریلا،مرچ، کھیرا،ترسفید مکھی کے متبادل میزبان پودے ہیں لہٰذا کاشتکار بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنائیں،سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سفید مکھی کپاس کے علاوہ درج بالا متبادل میزبان پودوں پر بھی پرورش پاتی ہے، اس لئے ان کا بھی خصوصی خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید مکھی سے بچاؤ کیلئے کاشتکار بہاریہ فصلات اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوری تلف کردیں اور خالی کھیتوں میں روٹا ویٹر چلادیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں اگلے ماہ اپریل کے دوران کپاس کاشت کرنا مقصود ہو ان کے قریب بھنڈی، توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں کپاس کی کاشت سے اجتناب سمیت کھالوں کو بھی جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر سے جمعہ تک صبح 9 سے شام 5 بجے تک زرعی ہیلپ لائن 0800-17000 بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے موجود ہے۔