بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کیلئے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا

جمعرات 26 مارچ 2026 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کیلئے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں کپاس کے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی سبسڈی پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کاٹن ماڈل فارم (ہب فارم) کے قیام پر 50 ہزار روپے فی ماڈل فارم سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پیسٹ کنٹرول کیلئے جدید بیٹری سپرے پمپ پر 25 ہزار روپے فی یونٹ تک امداد دی جائے گی۔مزید برآں، زمین کی بہتر تیاری کے لیے چزل ہل (Chisel Plough) پر 1 لاکھ20 ہزار روپے فی یونٹ تک سبسڈی بھی دی جائے گی۔اس ضمن میں دلچسپی رکھنے والے کاشتکار10 اپریل 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست جمع کروانے اور اہلیت کا معیار و شرائط و ضوابط کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.agripunjab.gov.pk اور کاٹن پورٹل https://cotton.punjab.gov.pk ملاحظہ کریں۔

مزید معلومات و راہنمائی کیلئے بروز سوموار تا اتوار صبح 8 بجے سے رات8 بجے تک زرعی ہیلپ لائن17000-0800 پر رابطہ کریں۔اس پروگرام سے بہاولپور ڈویژن کے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور خطے میں کپاس کی بحالی میں مدد ملے گی،جس کے ذریعے صوبہ میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :