سیکرٹری زراعت پنجاب کی زیرِ صدارت اجلاس

ہفتہ 28 مارچ 2026 19:22

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2026ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت آم کی برآمد میں اضافہ کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی،ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان،نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر عامر رسول،مینگو گروورز، ایکسپورٹرز، ویلیو ایڈیشن انڈسٹری کے نمائندوں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ آم جنوبی پنجاب کی پہچان ہے، پاکستانی آم ذائقے اور کوالٹی کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مینگو سیکٹر کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

افتخار علی سہو نے کہا کہ مینگو سیکٹر کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کوالٹی پروڈکشن، ویلیو ایڈیشن اور ایکسپورٹ کے ذریعے آم کو زیادہ منافع بخش بنانا حکومت کا مشن ہے، آم کی ویلیو ایڈیشن کے لیے خصوصی پیکج کی تیاری کے سلسلے میں مشاورت کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ کوالٹی کے آم کی ہی ہائی اینڈ مارکیٹ میں ڈیمانڈ موجود ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ آم کی ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز نہایت مفید ہیں اور ویلیو ایڈیشن انڈسٹری کے لیے قابلِ عمل تجاویز کو لیڈرشپ تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈرائی مینگو اور آم کے پلپ کی ایکسپورٹ کے لیے انڈسٹری کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضر صحت دھاتوں اور کیمیائی آلودگی سے پاک آم کی پیداوار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔