/ جیکب آباد: محکمہ تعلیم میں بدانتظامی عروج پر، تقرری ،بائیو میٹرک اور تنخوا ہا کا اجراء الگ الگ اسکولوں سے کیا جانے لگا

پیر 30 مارچ 2026 18:35

۹جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2026ء) جیکب آباد: محکمہ تعلیم میں بدانتظامی عروج پر، تقرری ،بائیو میٹرک اور تنخوا ہا کا اجراء الگ الگ اسکولوں سے کیا جانے لگا،اساتذہ و عملہ شدید پریشان، ڈی او سیکنڈری نے ملازمین کو ذمہ دار قرار دے دیا ،بائیو میٹرک حاضری لینے کے علاوہ ہمارا کوئی کام نہیںچیف مانیٹرنگ افسر تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں محکمہ تعلیم کی سنگین بدانتظامی نے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تعیناتی ایک اسکول میں جبکہ بایو میٹرک اور تنخواہوں کا اجرا دوسرے اسکول سے کیا جا رہا ہے۔

اس غیر منظم اور غیر شفاف طریقہ کار کے باعث نہ صرف سرکاری ریکارڈ بری طرح متاثر ہوا ہے بلکہ ملازمین کو بھی شدید ذہنی اذیت اور مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق متعدد اسکولوں میں عملے کی اصل تعیناتی اور سرکاری دستاویزات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ کئی ملازمین برسوں سے ایک ہی جگہ خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم ان کی تنخواہیں کسی اور ادارے کے کھاتے سے جاری ہو رہی ہیں۔

حیران کن طور پر سالہا سال گزر جانے کے باوجود ریکارڈ کو اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا، جس کے باعث انتظامی امور پیچیدگی کا شکار ہو چکے ہیں۔متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ ترقی، تبادلے اور دیگر سروس معاملات بھی التوا کا شکار ہیں، جبکہ آڈٹ اور تصدیقی عمل میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

بعض ملازمین کو تو اپنی تنخواہوں کے اجرا میں بھی تاخیر کا سامنا ہے۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بدانتظامی نہ صرف سرکاری وسائل کے ضیاع کا باعث ہے بلکہ تعلیمی نظام کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ریکارڈ کی درستگی، شفاف تعیناتی اور مالی امور کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

شہری حلقوں نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور ایک مؤثر نظام متعارف کرایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی بے ضابطگیوں کا سدباب ممکن ہو سکے اس سلسلے میں رابطے پر چیف مانیٹرنگ افسر غلام محمد سومرو نے بتایا کہ ہمارا کام صرف بائیو میٹر ک حاضری لینا ہے رکارڈ کی درستگی سی آر ایم ایس سے ہو گی ،ڈی او سیکنڈری محمد اسماعیل برڑو کا کہنا تھا کہ تدریسی و غیر تدریسی عملہ خود ایسا کرتا ہے حال میں میں نئے اساتذہ کو تقرر نامے جاری کئے ہیں جو ڈا،ْیرکٹر آفیس سے موڈیفائی کرواکر آئے ہیں اسی وجہ سے بائیو میٹرک میں بھی غیر حاضر ہوتے ہیں ۔