پھولوں کے کاشتکاروں کو فوری شاخ تراشی، ہفتہ میں 2مرتبہ آبپاشی کی ہدایت

جمعرات 2 اپریل 2026 13:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) پھولوں کے کاشتکاروں کو اچھی پیداوارکیلئے ایک شاخ پر 5سے7 آنکھیں چھوڑ کر فوری شاخ تراشی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ موسم کی تبدیلی کے باعث ہفتہ میں 2مرتبہ آبپاشی کو بھی ضروری قرار دے دیا گیاہے۔ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات آری ڈاکٹر آصف علی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ہرسال موسم بہار کے آغاز پر پھولوں کے پودوں کی شاخ تراشی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شاخ کو کونپل کے چوتھائی انچ اوپر سے کاٹاجائے اور یہ کٹائی کونپل کی مخالف سمت سے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ موسم بہارمیں گلاب سمیت دیگر پھولوں کے پودوں کی شاخ تراشی بہترین اثرات ظاہر کرتی ہے تاہم اگر شاخ تراشی موسم خزاں یا موسم سرما کے آغاز میں کی جائے تو نئی پھوٹ جلد بنے گی مگر وہ کورے سے متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیوند کے مقام سے نیچے تنے پر یا زمین سے نکلنے والی شاخوں کی بھی مناسب تراش خراش کرتے رہیں کیونکہ یہ شاخیں روٹ سٹاک سے نکلتی ہیں جو کار آمد نہیں ہوتیں۔ انہوں نے گلاب کے پودوں پر مائلڈ یو، بلیک سپاٹ، رسٹ، ڈائی بیک جیسی بیماریوں کے حملہ کے تدارک کیلئے بھی بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔