محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ٹماٹر کی فصل کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

جمعرات 2 اپریل 2026 15:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2026ء) محکمہ زراعت کے ماہرین نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی فصل کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار بہتر پیداوار کے حصول کے لئے پودوں کے قریب زمین میں موجود سنڈیاں تلاش کر کے انہیں فوری تلف کرنے کیلئے اقدامات کریں تاکہ ٹماٹر کی فصل کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچایا جا سکے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت عامر صدیق نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ضرر رساں کیڑے ٹماٹر کی فصل پر پھل پکنے کے آخری مراحل میں حملہ آور ہو کر پھل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چور کیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ لیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار سیون 350گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملا کر ٹماٹر کے پودوں کے ارد گرد بکھیر دیں تاکہ امریکن سنڈی سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ روشنی کے پھندے لگا کر بھی سنڈیوں اور ان کے پروانوں کو تلف کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرر رساں کیڑوں کے شدید حملہ کی صورت میں کیمیائی انسداد کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے عملہ کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔