کاشتکار بارشوں کی صورت میں فصل میں موجود زائد پانی کو کسی خالی کھیت میں منتقل کر دیں، محکمہ زراعت

پیر 6 اپریل 2026 14:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال نے کہا ہے کہ کاشتکار موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں اور بارشوں کی صورت میں فصل میں موجود زائد پانی کو کسی خالی کھیت میں منتقل کر دیں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے( آج) پیر کو کسانوں کے نام جاری کردہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ،گندم کی فصل پک کرتیار ہورہی ہے، کاشتکار پچھیتی گندم کی فصل کو آخری پانی موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے لگائیں اور اس کے علاوہ درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کے باعث کاشتکارمقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ہلکی آبپاشی کریں۔انہوں نے کہا کہ زرد کنگی کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے اور انتہائی حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں،پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں پائوڈر کی صورت میں پائے جاتے ہیں،بھوری کنگی کا حملہ عام طور پر پودے کے نچلے پتوں سے شروع ہوتا ہے جس کی وجہ سے پتے کے اوپر بھورے رنگ کا زنگ نما پائوڈر دکھائی دیتا ہے جبکہ سیاہ کنگی کے حملہ میں پتوں اور تنوں پر بیضوی دھبے نمودار ہوتے ہیں جو کہ شروع میں بھورے رنگ کے ہوتے ہیں،کنگی کا حملہ سب سے پہلے کھیت سے کچھ حصے ٹکڑیوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے اور پھر وہاں سے پورے کھیت میں بیماری پھیل جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنگی کے ظاہر ہوتے ہی صرف متاثرہ حصے پر محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کش زہر کا اسپرے کریں تاکہ بیماری پھیل نہ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس موسم میں گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے اس لئے اس کے مربوط انسداد کیلئے کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سست تیلے کا حملہ گندم کی فصل پر ٹکڑیوں کی شکل میں ہوتا ہے لہذا جیسے ہی اس کا حملہ نظر آئے متاثرہ کھیت کے حصوں میں پودوں کو رسی سے ہلا کر تیلے کو نیچے گرا لیں۔

کھالوں اور کھیتوں کے اردگرد ہوئی جڑی بوٹیاں بھی تیلے کی افزائش میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔جڑی بوٹیوں کی تلفی آلات کا استعمال کرکے یقینی بنائیں،ان کی تلفی کے لئے کیمیائی زہر گلائیفوسیٹ بھی محکمہ زراعت کے مقامی عملے کی سفارش کردہ مقدار کے مطابق استعمال کیا جا سکتا ہے،تیلے کا حملہ ہونے کی صورت میں گندم کی فصل کو سادہ ٹھنڈے پانی سے پاور سپرئیرکے ساتھ پریشر سے وقفہ وقفہ سے سپرے کریں۔