دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ سے زیادہ گوشت والے مخلوط جانور حاصل کئے جا سکتے ہیں ،ڈاکٹر محمد افضل

بدھ 8 اپریل 2026 14:32

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2026ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ غیر نسلی اور کم دودھ دینے والی دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے مخلوط جانور حاصل کئے جا سکتے ہیں ، اس سے تیارکردہ دیگر مصنوعات برآمد کرکے قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل کیاجاسکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےمویشی پال حضرات کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ جانوروں کو فربہ کرنا ایک منافع بخش کاروبار کی صورت اختیارکرچکاہے لہذا بہتر منصوبہ بندی کر کے زیادہ منافع حاصل کیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات معیاری بڑاگوشت حاصل کرنے کیلئے 9سے 15 ماہ کے کسی بھی نسل کے کٹڑے، بچھڑے اور معیاری چھوٹا گوشت حاصل کرنے کیلئے 6سے12ماہ کے کسی بھی نسل کے بکرے، چھترے، دنبے کو 3سے 4ماہ تک ماہرین لائیو سٹاک کی مشاورت سے متوازن خوراک کھلا کر فربہ و گوشت کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر پیداوار ی بیل، گائے، بھینس بھی اس کاروبار کیلئے نہایت موزوں ہیں، مویشی پال حضرات مویشیوں کو مختلف بیماریوں خصوصا منہ کھر، گل گھوٹو، انٹیرو ٹا کسیمیا اور پلورونمونیا سے بچانے کیلئے ویٹرنری ہسپتال سے بروقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں، مزید رہنمائی یا معلومات اور مشاورت کیلئے مویشی پال حضرات محکمہ لائیوسٹاک کی فری ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :