جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی طلبہ تنظیم ”دی ایگریرین سوسائٹی“ کی نو منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا

جمعرات 9 اپریل 2026 17:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی طلبہ تنظیم ”دی ایگریرین سوسائٹی“ کی نو منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر انہوں نے انسانیت کی خدمت، کیمپس کمیونٹی کی بہبود، شعبہ زراعت اور کسانوں کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، کنوینر و چیئرمین انٹومالوجی پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم اور سیکرٹری ایڈوائزری بورڈ پروفیسر ڈاکٹر ندیم عباس کے ہمراہ نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔

اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ سوسائٹی باصلاحیت، ذہین اور خدمت کے جذبے سے بھرپور نوجوانوں پر مشتمل ہے جس کی قیادت کے لیے سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حلف برداری کی تقریب کے بعد نوجوان اپنے عہد کے ایک ایک لفظ کی پاسداری کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر انسانیت کی خدمت اور ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہرینِ زراعت کی ذمہ داری ہے کہ زرعی شعبہ کے مختلف چیلنجز بشمول موسمیاتی تبدیلیوں، مٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پانی کمی کی لپیٹ میں ہے،سے نمٹنے کے لیے ٹھوس حل تلاش کرنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے کہا کہ ایگریرین سوسائٹی نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری سمت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ قلم اور کتاب کے ساتھ جڑے رہتے ہیں وہ اپنے کردار و عمل سے نئے آنے والوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ ایسی مثبت سرگرمیوں میں شامل نوجوان اپنی امتیازی خصوصیات کی وجہ سے پوری طلبہ برادری میں ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اراکین خوش قسمت ہیں کہ انہیں اس عظیم خدمت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوسائٹی کاشتکاروں، فیکلٹی، طلبہ اور انڈسٹری کے ساتھ تعاون کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

دی ایگریرین سوسائٹی کی نئی کابینہ میں علینہ شفیق صدر، محمد طلحہ سینئر نائب صدر، فاطمہ افضل نائب صدر، اویس ناصر سیکرٹری ایکسٹرنل لنکیجز، وقار حسین جنرل سیکرٹری، ذوالنورین جوائنٹ سیکرٹری، حافظ شعیب پریس سیکرٹری، عتیقہ نذیر فنانس سیکرٹری، جمیل سپورٹس سیکرٹری، لائبہ شفیق انچارج فائن آرٹس، مدثر انچارج میڈیا، اقرا اور زین العابدین انچارج پکٹوریل بورڈ جبکہ لائبہ عاشق اور عمیر خان بطور فعال اراکین شامل ہیں۔