کاشتکار ہلدی کی کاشت 20اپریل تک مکمل کرلیں،ماہرین زراعت

جمعہ 10 اپریل 2026 13:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2026ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو پنجاب میں ہلدی کی کاشت 20 اپریل تک مکمل کر نے کی ہد ایت کی ہے ۔ پرنسپل سائنٹسٹ شعبہ سبزیات آری ڈاکٹر سجاد سعیدنے بتایا کہ ہلدی مرطوب و معتدل آب و ہوا میں اچھی پرورش پاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہلدی کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین انتہائی موزوں ہے۔

(جاری ہے)

جس کھیت میں پہلے برسیم کاشت کی گئی ہو وہاں اگر 2کٹائیوں کے بعد تیسری بار کھیت میں ہل چلا کر برسیم کو مٹی میں دبادیاجائے اور 20 سے25ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اسے اچھی طرح ہموار کرلیاجائے تووہاں ہلدی کی شاندار فصل پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایک ایکڑ رقبہ پر کاشت کیلئے ہلدی کے گچھوں میں سے 600 سے 700 کلوگرام ہلدی کی درمیان والی موٹی گٹھیاں چن لی جائیں اور چاقو سے ان کے 2ٹکڑے کرکے 15 سے 20سینٹی میٹر کے فاصلے پر نصف میٹر قطاروں میں کاشت کردیا جائے تو اس سے افزائش نسل بہتر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہلدی کے بیج کو کھرپے کی مدد سے 5سینٹی میٹر گہرا دبانا چاہیے اور کاشت کے بعد کھیت پر کماد کی کھوری کی دو سے تین سینٹی میٹر موٹی تہہ بچھادینی چاہیے تاکہ کھیت کی نمی برقرار اور زمین کا درجہ حرارت مناسب رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :