ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار

جمعہ 10 اپریل 2026 18:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2026ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے تعزیتی بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ ایک سینئر اور باوقار سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی دانشمندانہ قیادت اور عوامی خدمت کے جذبے سے قومی سیاست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کی خدمات ملک و قوم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقہ ڈیرہ غازی خان سے تھا اور وہ ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے سرگرم رہے۔

(جاری ہے)

ان کی سیاسی بصیرت اور عوام دوستی قابلِ تقلید ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا انتقال قومی سیاست کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔