صدرچیمبر آف کامرس فیصل آباد کامحترمہ نجمہ افضل خاں کو چار سال کیلئے صوبائی خاتون محتسب مقرر کرنے کا خیر مقدم

ہفتہ 11 اپریل 2026 14:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سابق ایم پی اے اور وومن ہیلتھ بارے چیمبر کی قائمہ کمیٹی کی کنونیئرمحترمہ نجمہ افضل خاں کو چار سال کیلئے صوبائی خاتون محتسب مقرر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محترمہ نجمہ افضل نہ صرف متحرک سیاسی کارکن بلکہ ڈاکٹر بھی ہیں جن کی پوری زندگی خواتین کی ترقی اور اُن کے مسائل کو حل کرنے میں گزری۔

(جاری ہے)

انہوں نےامید ظاہر کی کہ وہ اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خواتین کے مسائل کے حل میں مزید بہتری لائیں گی اور ادارے کی کارکردگی کو مؤثر بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اُن کی تعیناتی سے پورے پنجاب میں خواتین کو ہراسمنٹ سے نجات ملے گی اور معیشت میں اُن کی شمولیت کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔ دریں اثنا سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے بھی محترمہ نجمہ افضل خاں کو اُن کی نئی تعیناتی پر مبارکباد پیش کی ہے۔