محكمہ زراعت كی کسان کارڈ ہولڈرز کو واجبات جمع کروانے کی ہدایت

پیر 13 اپریل 2026 12:50

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2026ء) محكمہ زراعت نے کسان کارڈ ہولڈرز کو واجبات جمع کروانے کی ہدایت كی ہے۔ فیلڈ اسسٹنٹ محکمہ زراعت سمبڑیال قاسم علی نے کسان کارڈ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسان کارڈ کے ذریعے حاصل کردہ بلا سود قرض کی واجب الادا رقم جلد از جلد جمع کروا دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پیر کے روز کسان کارڈ ہولڈرز کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے کسان کارڈ سے بلا سود قرض حاصل کیا ہے، وہ اپنی واجب الادا رقم 16 اپریل سے شروع ہونے والی مہم کے تحت فوری طور پر بنك آف پنجاب کی کسی بھی قریبی برانچ میں جمع کروائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار سہولت کے پیش نظر انٹربینک ٹرانسفر یا راست آئی ڈی کے ذریعے بھی رقم منتقل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

قاسم علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی مہم “کسان خوشحال، پنجاب خوشحال” کے تحت جو کاشتکار جلد از جلد اپنی قسطیں جمع کروائیں گے، انہیں حکومت پنجاب کی جانب سے قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا، جس میں قیمتی انعامات جیتنے کا موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بروقت قرض کی واپسی سے کاشتکار آئندہ بھی حکومتی سہولیات اور اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ زراعت سے متعلق کسی بھی قسم کی رہنمائی کے لیے کاشتکار ایگریکلچر ہیلپ لائن 0800-17000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔