کاشتکاروں کو سورج مکھی کی بہاریہ فصل کی پہلی آبپاشی روئیدگی کے20 دن بعد کرنے کی ہدایت

منگل 14 اپریل 2026 13:20

فیصل آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی بہاریہ فصل کی پہلی آبپاشی روئیدگی کے20 دن بعداور دوسری آبپاشی پہلے پانی کے 20 دن بعد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈائریکٹر چوہدری خالد محمودکے مطابق سورج مکھی کی بہتر پرورش کیلئے پانی کی اہمیت سے انکارممکن نہیں کیونکہ جڑوں کے ذریعے پودوں کو مطلوب خوراک کے اجزا پانی میں حل ہو کر ہی پودے تک پہنچتے ہیں نیز ضیائی تالیف کے عمل میں بھی اس کاکردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کم پانی میں پروان چڑھنے کی صلاحیت رکھنے والی فصل ہے جس کے باعث کاشتکار اکثر اس کی آبپاشی پر پوری توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے پیداوار میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کو پہلا پانی بیج پھوٹنے کے 20د ن بعد، دوسرا پانی پہلے پانی کے20دن بعد، تیسرا پانی پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت اور چوتھاپانی بیج بننے کے مرحلے پر لگانا ضروری ہے جو پھول بننے کے 10سے15 روز بعد شروع ہوتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ آخری مرحلے میں پانی کی کمی کی وجہ سے بیج پیچک کر کمزور اور پتلا رہ جاتاہے جس کے نتیجہ میں پیداوار میں کمی ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر متواتر خشک اور گرم موسم کی صورتحال ہو تو چوتھے پانی کے 15روز بعد ایک مرتبہ اور پانی بھی دے دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ماہرین زراعت کی مشاورت اور موسمی حالات کے پیش نظر آبپاشی کے وقفہ میں کمی بیشی بھی کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :