مظفرآباد ، عوامی صحت کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ ای سگریٹس (ویپ) کی فروخت، خریداری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد

منگل 14 اپریل 2026 17:17

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2026ء) شہر میں ای سگریٹ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ مظفرآباد نے عوامی صحت کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ای سگریٹس (ویپ) کی فروخت، خریداری اور استعمال پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ اقدام نوجوان نسل میں ای سگریٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے مضر صحت اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ ای سگریٹ کے استعمال سے صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے اس کے تدارک کے لیے سخت اقدامات ناگزیر تھے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ اور قانونی گرفتاری بھی شامل ہو سکتی ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ شہر بھر میں اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔\378

متعلقہ عنوان :