کاشتکار آئندہ ایام میں گندم كی کٹائی كریں، محکمہ زراعت

جمعرات 16 اپریل 2026 18:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) اسسٹنٹ ڈائریكٹر محكمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار حسین بھٹی نے كہا ہے كہ کاشتکار آئندہ ایام میں گندم كی فصل كو اچھی طرح پک کر تیار ہو جانے کی صورت میں کٹائی كریں ،اگلے سال کیلئے بیج کی تیاری سے قبل فصل کو جڑی بوٹیوں، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرنے كے بعد محفوظ كریں۔

انہوں نے ان خیالات كا اظہار آج جمعرات كو اے پی پی سے گفتگو كرتے ہوئے كیا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت و کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں اور فصل کی ہرقسم کیلئے الگ الگ کھلیان لگائیں نیز گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹرکو اچھی طرح صاف کرلیں اور پہلی ایک یادو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔علاوہ ازیں، بوریوں میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کانام ضرور لکھیں اور بیج کیلئے محفوظ کئے جانیوالے دانوں میں نمی کاتناسب بھی 10فیصد سے کسی صورت زائد نہ ہو نے دیں تاکہ گندم کی پیداوار کو نقصان سے بچایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھرپور انتظام کریں تاکہ یہ سنہری دانہ جو انہوں نے سخت محنت سے پیداکیاہے، ضائع ہونے سے بچ سکے جو کاشتکاروں کی خوشحالی کیساتھ ساتھ ملک وقوم کی معاشی بحالی کاذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کی سنبھال کیلئے کٹائی و گہائی سے پہلے ہی مزدوروں، تھریشر، ٹریکٹر، ترپال، پلاسٹک چادر، کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کٹائی کے دوران بارش ہو جائے تو اس صورت میں کٹائی فوری روک دی جائے اور اسے دوبارہ اس وقت تک شروع نہ کیاجائے جب تک موسم ٹھیک نہ ہوجائے۔

متعلقہ عنوان :