صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کا کرپشن،بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف ایکشن، عہدوں سے ہٹا دیا

جمعرات 16 اپریل 2026 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2026ء) صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی ہدایت پر محکمہ خوراک سندھ میں کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے متعدد ضلعی فوڈ کنٹرولرز کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک کی جانب سے جمعرات کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ افسران کو فوری طور پر محکمہ خوراک سیکریٹریٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حاکم علی مہر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شکارپور، خادم علی شر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر گھوٹکی اور اضافی چارج کشمور کندھ کوٹ، راہول کمار پی کے ملانی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سکھر، عرفان علی جوکھیو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خیرپور، نزاکت علی ہسبانی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر تھرپارکر مٹھی، منصور احمد میرانی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر دادو، جگدیش کمار ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لاڑکانہ اور اضافی چارج قمبر شہدادکوٹ جبکہ غلام فاروق کلاری اے ایف سی تعینات بطور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سانگھڑ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والے اور اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا نہ کرنے والے افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک میں شفافیت، میرٹ اور احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور بدعنوان عناصر کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ صوبائی وزیر خوراک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی وسائل کے تحفظ اور محکمہ خوراک کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات مزید موثر بنائے جائیں گے۔