کلر سیداں ،شاہ باغ میں کسانوں کی رہنمائی کے لیے ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

اتوار 19 اپریل 2026 14:09

کلرسیداں، 19 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) کلر سیداں کے علاقے شاہ باغ میں کسانوں کی رہنمائی کے لیے ایک روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کا انتظام نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے احساس ویلفیئر فاؤنڈیشن اور زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے کیا۔

اس ورکشاپ میں نسٹ کے شعبہ زرعی تعلیم اور نمل کے الیکٹریکل شعبے کے طلبہ و طالبات نے مثالی کردار ادا کیا، جبکہ علاقے سے تعلق رکھنے والے کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہیں جدید زرعی طریقوں اور تکنیکی مہارتوں سے آگاہ کیا گیا۔ماہرین نے ماحول دوست زراعت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے نامیاتی کھاد (بایو چار) کے استعمال، معیاری بیج کے انتخاب اور فصلوں کو درپیش بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے نہ صرف زبانی بلکہ عملی طور پر رہنمائی فراہم کی اور تربیت بھی دی۔

(جاری ہے)

تقریب میں نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) سے ڈاکٹر آصف جمال، نسٹ کے شعبہ ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ ڈاکٹر غلام حیدر، جبکہ محکمہ زراعت توسیع تحصیل کلر سیداں کی زراعت آفیسر آسمہ سردار اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئیں۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں چوہدری ضمیر اور انعام الحق شامل تھے۔ورکشاپ کے دوران مقامی کسانوں کو کام کے دوران سخت گرمی سے بچاؤ کے لیے ہیٹ بھی فراہم کیے گئے۔\378