پنجاب بھرمیں گندم خریداری مہم کا باقاعدہ آغاز

پیر 20 اپریل 2026 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2026ء) پنجاب بھر میں گندم خریداری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری فوڈ سیفٹی پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید نے پیر کو جاری بیان میں کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے اور شفاف خریداری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبہ بھر میں 44,603 کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب کے 233 گندم خریداری مراکز پر کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے کسانوں کو 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی گندم محفوظ طریقے اور آسانی سے مراکز تک پہنچا سکیں۔ کسان حضرات اپنے قریبی گندم خریداری مرکز پر جا کر شناختی کارڈ، بینک اکائو نٹ کی تفصیلات اور دیگر ضروری کوائف جمع کروا کر باردانہ حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ ہولڈرز اور چھوٹے کسانوں سے گندم کی خریداری کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ کسانوں کی سہولت کے پیش نظر اتوار اور دیگر تعطیلات پربھی خریداری کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

سیکرٹری فوڈ سیفٹی پنجاب نے بتایا کہ خرید کی گئی گندم کی ادائیگی 72 گھنٹوں کے اندر براہِ راست کسانوں کے بینک اکائو نٹس میں منتقل کر دی جائے گی تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری کے عمل کی نگرانی کے لیے صوبائی اور ڈویژنل سطح پر مینجمنٹ کمیٹیاں فعال ہیں جبکہ وزیراعلی پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (SMU) کا عملہ تمام خریداری مراکز پر موجود ہے جو کسانوں کی شکایات کا فوری ازالہ کر رہا ہے۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی پنجاب نے کہا کہ کسان بھائیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب نے ٹول فری ہیلپ لائن 60606 ۔ 0800بھی قائم کر رکھی ہے، جہاں کسی بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔