جشنِ بہاراں کیچ فیسٹیول 2026 کے سلسلے میں گرلز سائیڈ کے کھیلوں کے مقابلے اختتام پذیر

بدھ 29 اپریل 2026 21:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) جشنِ بہاراں کیچ فیسٹیول 2026 کے سلسلے میں گرلز سائیڈ کے کھیلوں کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ اس موقع پر گرلز ماڈل ہائی اسکول تربت میں ایک شاندار اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے فائنل مقابلوں میں خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، اسپورٹس آفیسر غفار یوسف، حبیب دشتی، ناصر حسن، ممتاز لال، ڈی او ای شبیرہ اور پرنسپل میڈم زمرد واحد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔فائنل مقابلہ گرلز ہائی اسکول بلوچی بازار اور گرلز ماڈل ہائی اسکول تربت کے درمیان کھیلا گیا جس میں بلوچی بازار ہائی اسکول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ اسپورٹس آفیسر غفار یوسف نے مہمانِ خصوصی کو شیلڈ پیش کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے کھیلوں کے انعقاد سے طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے اور معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔شرکاء نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اس طرح کی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ جشنِ بہاران کیچ فیسٹیول 2026 کا انعقاد ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول کے دوران گرلز مقابلے گرلز ماڈل ہائی اسکول تربت منعقد کیے گئے جبکہ بوائز مقابلے بوائز ہائی اسکول چاہسر میں منعقد کیے جارہے ہیں، جن کا فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔