افریقی کھلاڑیوں کو سہولتیں اور تحفظ فراہم کیا جائے، کیلنناتشیپی کا مطالبہ

جمعرات 30 اپریل 2026 10:01

گابورون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) چار سو میٹر دوڑکے عالمی چیمپئن کیلنناتشیپی نے زور دیا ہے کہ افریقی فیڈریشنز اپنے کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں اور مکمل تحفظ فراہم کریں تاکہ وہ دوسرے ممالک کی شہریت اختیار کرنے پر مجبور نہ ہوں۔بی بی سے کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب عالمی ایتھلیٹکس ادارے نے افریقاکے چند کھلاڑیوں کو ترکیہ کی نمائندگی اختیار کرنے سے روک دیا۔

حالیہ برسوں میں بہتر مالی مراعات اور منظم سہولتوں کی تلاش میں کھلاڑیوں کا دوسرے ممالک کی جانب رجحان بڑھا ہے، جس سے افریقامیں ٹیلنٹ کی کمی کا خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔کیلنناتشیپی کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کے دوران کھلاڑیوں کو مالی اور انتظامی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، اسی لیے وہ ایسے ممالک کا انتخاب کرتے ہیں جہاں انہیں بہتر سہارا مل سکے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں کینیا کی معروف میراتھن رنر بریجڈ کوسگے اور نائجیریا کی سپرنٹر فیور اوفیلی سمیت کئی کھلاڑیوں کو ترکیہ کی جانب سے پرکشش پیشکشیں موصول ہوئیں جبکہ اوفیلی انتظامی غلطی کے باعث پیرس اولمپکس میں سو میٹر دوڑ میں شرکت سے محروم رہیں۔دوسری جانب بوٹسوانا کے کھلاڑی حالیہ عالمی کامیابیوں کے باعث فی الحال شہریت کی تبدیلی پر غور نہیں کر رہے، اور کیلنناتشیپی نے اس بہتری کو کھلاڑیوں کے بڑھتے اعتماد اور بہتر رہنمائی کا نتیجہ قرار دیا۔ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر افریقی فیڈریشنز کھلاڑیوں کے معیار کے مطابق سہولیات فراہم کریں تو ٹیلنٹ کے اس ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔