جانوروں کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لئے کاشتکارروڈزگراس سدابہار چارہ جات کاشت کریں ،محكمہ زراعت سمبڑیال

جمعرات 30 اپریل 2026 17:44

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محكمہ زراعت (توسیع) سمبڑیال افتخار حسین بھٹی نے کہا ہے کہ جانوروں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کاشتکارروڈزگراس سدابہار چارہ جات کاشت کریں۔انہوں نے کہا کہ روڈز گراس سدابہار چارہ جات میں غذائی اعتبار سے ایک اعلیٰ درجے کا چارہ ہے اور اس کی کاشت کیلئے گرم مرطوب آب و ہوا موزوں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روڈز گراس متعدد کٹائیاں دینے والا دائمی نوعیت کا چارہ ہے اور اس کو ایک بار کاشت کرنے سے کم ازکم تین سال تک اچھی پیداوار لی جاسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار روڈ گراس کی کاشت بھاری میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہو میں كاشت کریں۔ اسسٹنٹ ڈائریكٹر نے کہا کہ 3سے 4 مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو اچھی طرح تیار کر لیا جائے جبکہ زمین بالکل نرم، بھر بھری اور ہموار ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فصل کی کاشت سال میں دو بار کی جا سکتی ہے جو کہ بیج اور جڑوں دونوں سے ہو سکتی ہے نیز 5سے 8 کلو بیج یا 11000 سے 12000 قلمیں فی ایکڑ کافی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قلموں کے ذریعہ کاشت کی صورت میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ ہر قلم پر کم از کم دو دو آنکھیں موجود ہوں اورقلموں کو لگاتے وقت ان کو ایک طرف جھکائیں جبکہ قلم کی ایک آنکھ زمین کے اندر اور دوسری باہر ہونی چاہیے اسی طرح قلموں اور لائنوں کا درمیانی فاصلہ 2 فٹ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیج سے کاشت کی صورت میں اسے چھٹہ کی بجائے ایک فٹ کے فاصلہ پر بذریعہ ڈرل قطاروں میں کاشت کر کے شاندار فصل کا حصول بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :