پھول آنے سے دانہ بننے تک مکئی کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں، محکمہ زراعت

منگل 5 مئی 2026 12:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) محکمہ زراعت نے بہاریہ مکئی کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ مکئی کے پھول آنے سے دانہ بننے تک مکئی کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ اس سے فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے جبکہ بہاریہ مکئی کی فصل پر کونپل کی مکھی اور مکئی کے گڑوؤں کا حملہ بھی ہو سکتا ہے لہٰذا اگر بہاریہ مکئی کی فصل پر کسی قسم کی بیماری کا حملہ ظاہر ہو تو فوری طور پر اس کے انسداد کیلئے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت(توسیع) سمبڑیال ڈاکٹرافتخار حسین بھٹی نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاریہ مکئی کی اگلی فصل کی بوائی کیلئے خالص اور معیاری بیج تیا ر کرنا چاہیے جس کیلئے ضروری ہے کہ بیج خالص قسم کا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تندرست اور جڑی بوٹیوں سے پاک بیج بہترین فصل دینے کاضامن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت اور سفارش سے اگلی فصل کیلئے مکئی کا بیج تیار کیا جائے اور یہ بیج ان کھیتوں سے انتخاب ہونا چاہیے جہاں دو دو، تین تین ایکڑ تک مکئی کی کوئی دوسری قسم موجود نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکاروں کو کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش ہو یا وہ مزید مشاورت کرنا چاہیں تو اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ سمیت محکمہ کی فری ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :