باغبان موسم گرما کے پیش نظر جامن کے پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دیں، محکمہ زراعت

منگل 5 مئی 2026 14:38

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹرافتخار حسین بھٹی نے باغبانوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کے پیش نظر باغبان جامن کے پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ اگر اوائل عمر میں پودوں کو ضرورت کے مطابق پانی دستیاب نہ ہواتو جامن کی پیداوار بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان ہر 7سے10دن کے وقفہ سے جامن کے پودوں کو پانی دیں اور پودوں پر پھول آنے سے قبل ان کی شاخ تراشی کرتے ہوئے بیمار شاخوں کو کاٹ دیا جائے تاکہ پھولوں کی بہتر نمو ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ گھریلو مکھیاں، شہد کی مکھیاں، جوئیں اور دوسرے حشرات جامن کی پولی نیشن میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سفید مکھی، سکیل، پتے کھانے والی سنڈی، پھل کی مکھی اور لیف مائنر جامن کے پتوں پر حملہ آور ہو کر اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ اگر جامن کے پودے پر کسی قسم کا کوئی حملہ محسوس ہو تو باغبان ان نقصان رساں کیڑوں کے تدارک کےلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کے مشورے سے مناسب زہروں کا سپرے کریں تاکہ جامن کے پھل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔