ریسکیو1122کی گندم کی کٹائی کرنیوالے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت

بدھ 6 مئی 2026 16:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122نے گندم کی کٹائی کرنیوالے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ مت لگائیں کیونکہ اس طرح ساتھ کھڑی فصلوں کو آگ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔ریسکیو1122فیصل آبادکے ترجمان زاہد لطیف نے بتایا کہ مختلف مقامات پر مشاہدے میں آیا ہے کہ گندم کی کٹائی کے بعد کسان اگلی فصل تیار کرنے کیلئے خالی کھیتوں میں گندم کی باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں جس سے بڑے نقصان کا خطرہ رہتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہر سال گندم کی باقیات(ناڑ) کو آگ لگانے سے ساتھ موجود فصلیں جن کی ابھی کٹائی نہیں کی ہوتی ہوا کے ساتھ آگ کے شعلے ان ساتھ والی تیار فصلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں جس سے فصل خراب ہو جاتی ہے اور کسان کو بہت نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ناڑ کو آگ لگانا قانونا ًجرم بھی ہے اسلئے کاشتکار باقیات کو آگ مت لگائیں کیونکہ اس طرح جہاں ہرسال لاکھوں روپے کا نقصان ہو جاتا ہے وہیں مفید کیڑے بھی ہلاک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناگہانی آفت کو نہیں روک سکتے لیکن جو آفت خود ہماری لاپروائی سے آتی ہے اس کو روکاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریسکیو 1122 کے جوان ہر وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاہم عوام کو بھی ان سے بھر پور تعاون کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :