جیکب آباد ، پولیس اور حساس ادارے کی بڑی کارروائی

بین الصوبائی اسمگلنگ گروہ کے 4 کارندے گرفتار، بھاری مقدار میں چرس، گٹکا اور چھالیاں برآمد

منگل 12 مئی 2026 21:42

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2026ء) جیکب آباد میں پولیس اور حساس ادارے کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی اسمگلنگ گروہ کے 4 کارندے گرفتار، بھاری مقدار میں چرس، گٹکا اور چھالیاں برآمد تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کی جانب سے منشیات اور مضرِ صحت اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ صدر پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی پولیس ترجمان کے جاری اعلامیے کے مطابق انچارج شمبے شاہ چیک پوسٹ اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران دو مختلف گاڑیوں، جی ایل آئی کار رجسٹریشن نمبر GP-0058 اور مہران کار نمبر BJG-687 کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران گاڑیوں سے مجموعی طور پر 2 کلو 390 گرام چرس، 57 کلو 500 گرام گٹکا اور 130 کلو گرام مضرِ صحت چھالیاں برآمد کر لی گئیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران بین الصوبائی اسمگلنگ گروہ کے چار مبینہ کارندوں کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں سیف اللہ ولد نعمت اللہ سومرو سکنہ فیملی لائن جیکب آباد، عبدالصمد ولد گہرام لہر سکنہ بہادر پور، صفیع اللہ ولد حاکم علی مہر سکنہ شکارپور اور انور علی ولد منظور احمد مہر ضلع شکارپور شامل ہیں۔سندھ پولیس کے مطابق اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے کر مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور رابطوں تک پہنچا جا سکے۔