سکھر ،شمس آباد ڈسپنسری میں واٹر فلٹر پلانٹ نصب

شدید گرمی میں مریضوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یوسی فنڈ سے منصوبہ مکمل

ہفتہ 6 جون 2026 16:55

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2026ء) یونین کمیٹی 7مکی شاہ ٹاؤن شمس آباد سکھر کے چیئرمین حاجی وزیر علی مہر نے کہا ہے کہ علاقہ مکینوں کو بلدیاتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ یوسی فنڈ سے علاقے میں علاج و معالجہ کے لیے قائم میونسپل ڈسپنسری میں آنے والے مریضوں کو شدید گرمی کے موسم میں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر فلٹر پلانٹ نصب کردیا گیا ہے تاکہ وہ صاف پانی سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی ایچ آئی سینٹر، میونسپل ڈسپنسری میں یوسی فنڈ سے قائم کیے جانے والے واٹر فلٹر پلانٹ کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی ایچ آئی سینٹر میونسپل ڈسپنسری کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر افضل آرائیں، کونسلرز اختر میمن، زاہد منگریو، آصف علی، عامر علی بھٹو، حزب اللہ مہر، عبدالرحمن، عبدالجبار سمیت علاقے کے معززین، یوسی اسٹاف اور پی پی ایچ آئی سینٹر میونسپل ڈسپنسری کا عملہ موجود تھا۔

(جاری ہے)

ڈسپنسری میں واٹر فلٹر کے قیام پر آنے والے مریضوں نے یونین کمیٹی 7 شمس آباد سکھر کے چیئرمین حاجی وزیر علی مہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے اظہارِ تشکر کیا۔ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے یوسی چیئرمین حاجی وزیر علی مہر کا مزید کہنا تھا کہ پانی ایک نعمت ہے اور اس ڈسپنسری میں نہ صرف یوسی کے علاقہ مکین بلکہ اردگرد کے مختلف علاقوں سے بھی مریض علاج و معالجہ کے لیے آتے ہیں، جنہیں پینے کے صاف پانی کے حوالے سے تکلیف کا سامنا تھا، جو ہم نے یوسی فنڈ سے دور کردی ہے۔

ان شا اللہ اس واٹر فلٹر پلانٹ سسٹم کی دیکھ بھال اور دیگر مرمتی کام بھی یوسی ہی انجام دے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا وژن عوام الناس کی بے لوث خدمت کرنا ہے اور ان شا اللہ یہ عوامی خدمت کا جذبہ ہمیشہ جاری و ساری رہے گا۔