نیشنل جونیئر چمپئن شپ کا پشاور میں رنگا رنگ تقریب میں آغاز

پیر 8 جون 2026 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2026ء) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام نیشنل جونیئر چمپئن شپ کا پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا ۔چمپئن شپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی بیڈمنٹن، سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، ٹیبل ٹینس اور کراٹے کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کے مہمانان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان اور مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند تھے اس موقع پر معاون خصوصی ہمایون خان، ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت، سیکرٹری سپورٹس آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں چاروں صوبوں ،اسلام آباد اور مختلف ڈیپارٹمنٹس کیدستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ آتش بازی کے دلکش مظاہرے کو شرکاء نے انجوئے کیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان نے ملک بھر سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ چیمپئن شپ میں اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو سپورٹس مین شپ، نظم و ضبط اور برداشت کا درس دیتے ہیں، کھیل میں ہار جیت معمول کی بات ہے اصل کامیابی اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مرد و خواتین کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل جونیئر چمپئن شپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔