ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی ٹیم کا سکھر میں پلاسٹک فیکٹری پر چھاپہ ، کام بند کرادیا گیا

منگل 9 جون 2026 22:22

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2026ء) سکھر میں پلاسٹک ری سائکلنگ فیکٹری کو ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر بند کر دیا گیا ہے ۔ سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی SEPA کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے حکام نے پلاسٹک ری سائیکلنگ فیکٹری سکھر کا معائنہ کیا اور وہاں پر فضائی آلودگی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر آپریشن بند کیا گیا ۔

صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عوامی شکایات کے پیش نظر، سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) کی ایک ٹیم نے ڈاکٹر گل امیر سنبل کی نگرانی میں سکھر کے سائٹ ایریا میں واقع ایک پلاسٹک ری سائیکلنگ فیکٹری کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران سیپا ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ فیکٹری مناسب ماحولیاتی آلودگی کنٹرول اقدامات کے بغیر کام کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

ری سائیکلنگ کے عمل سے بڑی مقدار میں فضائی آلودگی خارج ہو رہی تھی، جس کے باعث ماحولیات اور عوامی صحت کو خطرات لاحق تھے۔ فیکٹری انتظامیہ سندھ ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 2014 اور متعلقہ ماحولیاتی معیارات کے مطابق آلودگی کے اخراج کو کنٹرول اور ٹریٹ کرنے کے لیے تسلی بخش انتظامات پیش کرنے میں ناکام رہی خلاف ورزیوں کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور صوبائی محتسب سندھ کی ہدایات کی روشنی میں، سیپا کی معائنہ ٹیم نے فیکٹری کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔

فیکٹری انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مطلوبہ ماحولیاتی حفاظتی اقدامات اور آلودگی کنٹرول نظام نصب کرکے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنے تک اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع نہ کرے۔مزید برآں، فیکٹری انتظامیہ کو لیٹر آف پرسنل ہیئرنگ جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈائریکٹر جنرل سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) کے روبرو پیش ہو کر معائنے کے دوران سامنے آنے والی خلاف ورزیوں کی وضاحت کریں۔

متعلقہ فریقین کو مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے بعد ماحولیاتی قوانین اور ضوابط کے مطابق مناسب قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور صنعتی آلودگی سے عوامی صحت اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ تمام صنعتوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مؤثر آلودگی کنٹرول اقدامات اختیار کریں اور ماحولیاتی قوانین و ضوابط کی سختی سے پابندی کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :